ہاسن 17؍مارچ (ایس او نیوز) امتحانات کے موقع پر متعلقہ بورڈ کی طرف سے طلباء کی نگرانی اور جانچ پڑتال کے اسٹاف کو تعینات کرنا عام سی بات ہے۔ مگر ہاسن کے ایم ای ایس کالج میں اس مرتبہ ایک طالبہ کی نگرانی کے لئے 24افراد پر مشتمل عملے کومتعین کرنے کی عجیب سی بات سامنے آئی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ مذکورہ کالج کے امتحانی مرکز میں منعقدہ پی یو سی سیکنڈر ایئر کے فائنل امتحان میں تمل زبان کے پرچے کا جو امتحان ہواتھا اس کے لئے جی نیویتا نامی صرف ایک طالبہ موجود تھی۔ کالج کے پرنسپل اور امتحان کے نگران کارنے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تمل پرچے کی نگرانی کے لئے جو عملہ متعین تھا، واقعی ان کی تعداد 24تھی۔
خیال رہے کہ یکم مارچ سے اکنامکس اور فزیکس کے پرچوں کے ساتھ شروع ہونے والے پی یو سی سال دوم کے فائنل امتحانات انگریزی کے پرچے کے ساتھ 17مارچ کو اختتام پزیر ہوئے ہیں۔ اور پی یو سی بورڈ کے مطابق امسال 6.5 لاکھ طلباء امتحانات میں شریک ہوئے ہیں۔